پریاگراج: غیرقانونی تبدیلی مذہب کے معاملے میں سماعت کررہی الہ آباد ہائی کورٹ میں ریاستی حکومت کی جانب سے ایک مختصر حلف نامہ داخل کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ 'مظفر نگر میں درج ایف آئی آر کی تحقیقات میں ندیم کے خلاف تبدیلی مذہب سے متعلق کوئی ثبوط حاصل نہیں ہوا ہے، لہذا پولیس نے دائر عرضی کے خلاف دفعہ 504 ، 506 اور 120 بی کے تحت چارج شیٹ داخل کی ہے۔
ریاستی حکومت نے یہ بھی کہا ہے کہ 'درخواست گزار کا معاملہ تبدیلی مذہب سے نہیں ہے، لہذا اس کی سماعت جن ہت کی عرضی سے الگ کیا جائے، ندیم کے خلاف جو چارج شیٹ دائر کی گئی ہے وہ قابل عمل نہیں ہے، اسے خارج کیا جانا چاہئے۔
عدالت نے ریاستی حکومت کے جانب سے داخل حلف نامہ پر غور کئے بنا، حکومت کو عرضی پر جواب داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ حکم اتراکھنڈ کے ہریدوار کے رہائشی ندیم کی درخواست پر چیف جسٹس گووند ماتھور اور جسٹس ایس ایس شمشیری کے بنچ نے دیا ہے۔
واضح رہے کہ ضلع مظفر نگر میں گزشتہ دنوں ایک ایف آئی آر درج کی گئی تھی، جس میں یہ الزام لگایا گیا تھا کہ درخواست گزار شکایت کنندہ کی اہلیہ کے ساتھ ناجائز تعلقات رکھا ہے اور وہ مذہب تبدیل کرنے کے لئے دباؤ ڈال رہا ہے۔ تاہم پولیس کی جانب سے کی گئی تحقیقات میں تبدیی مذہب سے متعلق کوئی ثبوط حاصل نہیں ہوا ہے۔