ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں جمعیۃ علماء تحصیل کھتولی ضلع مظفرنگر کے زیر اہتمام پہلا جلسہ اصلاح معاشرہ انتی گاؤں میں منعقد ہوا جس کی صدارت مولانا سید سعد خان جہانپوری صدر جمعیۃ علماء تحصیل کھتولی نے کی اور نظامت کے فرائض مفتی مجیب الرحمٰن ندوی کنوینر اصلاح معاشرہ کمیٹی کھتولی نے انجام دیے۔
اس موقع پر مولانا سعد خان جہانپوری نے اصلاح معاشرہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اصلاح معاشرہ آج بیحد ضروری ہوگیا ہے اگر ہم نے اپنی اصلاح نہیں کی تو وقت ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گا اور آنے والی نسلیں زیادہ بھٹک جائے گی۔
مفتی عبد القادر قاسمی نے جمعیۃ علماء ہند کی تاریخ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء نے ہمیشہ قوم و ملت کی خدمت انجام دی ہے، جمعیۃ علماء ہر موڑ پر ملت اسلامیہ کی مدد کرنے میں پیش پیش رہتی ہے چاہے فساد زدگان کی امداد کرنا ہو یا سیلاب متاثرین کی امداد ہو۔
مفتی مجیب الرحمٰن نے بتایا کہ جمعیت علماء تحصیل کھتولی پوری تحصیل کے اندر بیس پروگرام کررہی ہے جس کا آغاز ہو چکا ہے، اس موقع پر گاؤں کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے صدر حافظ رمضانی اور جنرل سیکرٹری حکیم محمد طاہر کو بنایا گیا۔
مزید پڑھیں: جمعیت علماء ہند کا ملک بھر میں ایک ہزار سدبھاونا سنسد پروگرام کرنے کا منصوبہ
یہ جلسہ قاری محمد جاوید کی نگرانی میں منعقد ہوا اس موقع پر مولانا محمد سرفراز تسنگ، مفتی مجیب الرحمٰن، قاری محمد جاوید، مولانا محمد زبیر، حافظ رمضانی، حکیم محمد طاہر، قاری محمد حامد، حافظ شرف الدین وغیرہ موجود رہے۔