ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی میں واقع حجیاپور علاقے میں ملے کورونا مثبت مریض نے آج صبح ہسپتال میں آخری سانس لی۔ کورونا مثبت کی پہلی موت سے ضلع میں ہلچل پیدا ہو گئ ہے۔ گزشتہ پیر کے روز نوجوان کو کورونا مثبت ہونے کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد اسے ایس آر ایم ایس میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا تھا۔ جہاں آج صبح اس کی موت ہو گئی۔
شہر کے حجیاپور کا رہنے والا یہ نوجوان پیشے سے غیر ڈگری ہولڈر ہوتے ہوئے میڈیکل پریکٹس کرتا تھا۔ اس کی طبیعت خراب ہونے کے بعد اسے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اس کا نمونہ لےکر جانچ کے لیے بھیجا گیا تھا۔ پیر کے روز اس کی رپورٹ کورونا مثبت آنے کے بعد اسے ایس آر ایم ایس میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا تھا اور وہیں زیرِ علاج تھا۔
ضلع میں کورونا سے ہونے والی ہلاکت کا یہ پہلا معاملہ ہے۔ ابھی تک ضلع میں کل آٹھ کورونا مثبت مریض پائے گئے ہیں۔ جن میں سے چھ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں اور اپنے گھر واپس جا چکے ہیں۔