اترپردیش ضلع سہارنپور کے دیوبند علاقے میں واقع ہاشم پورہ گاؤں میں ایک کسان نے اپنی ہی فصل کو تباہ کردیا۔ بتایا جارہا ہے کہ دیوبند علاقے میں واقع ہاشم پورہ گاؤں کے باشندے اور بھارتیہ کسان یونین کے سیکریٹری عثمان ملک کے بھائی مہربان ملک نے اپنے کھیت میں کھڑی گیہوں کی 4 بیگھا فصل پر ٹریکٹر چلا دیا۔
آس پاس کھیتوں میں کام کر رہے گاؤں کے لوگوں نے کاشتکار کو روکنے کی بہت کوشش کی لیکن وہ نہیں مانا۔ غصہ میں پریشان کاشتکار کا کہنا تھا کہ ان قوانین کو لے کر حکومت اڑیل رویّہ اپنائے ہوئے ہے اور کاشتکاروں کے مطالبات پورے کرنے کو تیار نہیں ہے۔
مہربان ملک نے کہا کہ مرکزی حکومت کاشتکاروں کے حق کو چھین رہی ہے اور اس وقت تمام کاشتکار بدحالی سے جوجھ رہے ہیں۔ گنے کے دام بھی وقت پر نہ ملنے کی وجہ سے کاشتکار پریشانیوں کے بوجھ تلے دب گئے ہیں اور مالی طور پر بھی بالکل ختم ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 3 سالوں میں حکومت نے گنے کا ایک روپیہ نہیں بڑھایا ہے، فصلوں کا واجب دام نہ ملنے سے کسان پریشان ہیں۔ بھارتیہ کسان یونین کے سیکریٹری عثمان ملک نے مرکزی حکومت سے کسانوں کے خلاف بنائے گئے ان تینوں قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔