اس بہتر کام کے لیے خاندان اعلیٰ حضرت کے اہم وارث حضرت مولانا توصیف رضا خاں کی جانب سے مرکزی وزیر محنت و روزگار سنتوش کمار گنگوار کو ایک سپاس نامہ پیش کیا گیا۔ حضرت توصیف رضا خاں کی جانب سے فلائٹ شروع کرانے کے لیے سید عامر علی نے شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں بریلی سے فضائی پرواز شروع کرانے کے لیے درگاہ اعلیٰ حضرت سے ایک وفد مرکزی وزیر محنت و روزگار سنتوش گنگوار کا شکریہ ادا کرنے کے لیے اُن کے گھر پہنچا۔ اس وفد نے سید عامر میاں کی سرپرستی میں مرکزی وزیر سے ملاقات کی اور پرواز شروع کرانے کے لیے شکریہ ادا کیا اور ایک گلدستہ پیش کیا۔ اس کے بعد اُنہوں نے نبیرائے اعلیٰ حضرت توصیف رضا خاں کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ اس کے ساتھ ہی اس وفد نے ریاستی وزیر ہوا بازی نند گوپال گُپتا نندی کا بھی شکریہ ادا کیا۔
وفد کی قیادت کر رہے سید عامر میاں نے کہا کہ بریلی میں ہر برس اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں کا عرس منایا جاتا ہے۔ جس میں ملک اور بیرونِ ممالک سے لاکھوں زائرین شرکت کرنے کے لیے بریلی آتے ہیں۔ کئی مرتبہ ایسا ہوتا کہ ملک کی دیگر ریاستوں سے آنے والے زائرین ٹرین میں ریزرویشن نہ ملنے کی وجہ سے شرکت نہیں کر پاتے ہیں۔ اگر وہ گاڑی سے آنا بھی چاہیں تو ہزاروں کلومیٹر کا سفر آسان نہیں ہوتا ہے۔ جبکہ اب سے پہلے بریلی سے فضائی پروازکا بھی کوئی انتظام نہیں تھا۔ جس سے ہزاروں زائرین عرس اعلیٰ حضرت میں شرکت نہ کر پانے کی وجہ سے مایوس ہو جاتے ہیں۔
لیکن اب بریلی سے فضائی پرواز کا آغاز ہونے کے بعد ایسے تمام زائرین بھی بریلی میں عرس اعلیٰ حضرت میں شرکت کر سکتے ہیں، جو یہاں سے ہزاروں میل کے فاصلہ پر رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ بریلی میں صحتی خدمات، تعلیمی خدمات اور کاروبار کو بھی فروغ ملنے کے بہت امکانات ہیں۔