ریاست اتر پردیش کے ضلع مرادآباد میں بجلی محکمے میں عارضی طور پر کام کرنے والے ملازمین پر لاک ڈاؤن کا بے حد اثر پڑا ہے۔ بجلی گھروں سے کئی عارضی ملازموں کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ملازمین نے بھوک ہڑتال پر بیٹھ کر احتجاج کیا۔
مراد آباد ضلع مجسٹریٹ دفتر کے باہر بھوک ہڑتال پر بیٹھے یہ بجلی محکمہ کے وہ ملازم ہیں جو بجلی محکمے میں کافی وقت سے عارضی طور پر کام کر رہے تھے۔ بھوک ہڑتال پر بیٹھے سنجے سنگھ کا کہنا ہے کہ 'بجلی محکمہ کے اعلیٰ افسران نے مجھے شراب پینے کے الزام میں نوکری سے باہر نکال دیا۔'
سنجے کا کہنا ہے کہ 'نوکری پر واپس لیے جانے کی مانگ کو لے کر انہوں نے پہلے بھی ضلع مجسٹریٹ کے سامنے زہر کھانے کی کوشش کی لیکن لوگوں نے انہیں روک لیا۔'
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سنجے سنگھ نے بتایا کہ 'جب تک بجلی محکمہ سے نکالے گئے ملازموں کو کام پر نہیں رکھا جاتا تب تک ہم بھوک ہڑتال پر بیٹھے رہیں گے۔'