ریاست اتر پردیش کے ضلع کنوج میں منگل کی سہ پہر تحصیلدار اور بی جے پی کارکن کے مابین ہاتھا پائی کے بعد دیر شام کو صدر کوتوالی میں رکن پارلیمنٹ سمیت چار افراد کے خلاف نامزدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔
تحصیلدار صدر اروند کمار نے ایس سی ایس ٹی ایکٹ سمیت آئی پی سی کی 10 دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ جس میں بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ سبرت پاٹھاک، سوربھ کٹیار، سچن شرما اور شیوندر سنگھ کے نام تحریر دیتے ہوئے درج ہیں۔ ساتھ ہی ایف آئی آر میں 20 سے 25 نامعلوم افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ منگل کی سہ پہر کو پیش آیا۔ اس سے قبل تحصیلدار نے اعلی عہدیداروں کو آگاہ کیا تھا کہ رکن پارلیمان نے فون پر مار پیٹ کرنے کی دھمکی دی ہے۔ تاہم ضلعی انتظامیہ وقت پر ان کی حفاظت کا انتظام نہیں کر سکی اور پھر حملہ کا واقعہ پیش آیا۔ دوسری جانب بی جے پی کے لوگ بھی تحصیلدار کے خلاف رپورٹ درج کرنے کی باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے تحصیلدار کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔