جسٹس ایل ناگیشور راؤ کی سربراہی والی بینچ نے انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لیے سماجوادی رہنما اعظم خان کی جانب سے داخل کی گئی عبوری ضمانت کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ Supreme Court Refuses Azam Khan Interim Bail
بینچ نے عرضی گزار کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل سے کہا کہ وہ (اعظم خان) ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر سکتے ہیں جس میں ضمانت کی درخواست کی جائے اور جلد سماعت کی جائے۔
اعظم خان نے اپنی درخواست میں ریاست کی بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی حکومت پر الزام لگایا تھا کہ وہ جان بوجھ کر ان سے متعلق عدالتی مقدمات کی پیش رفت میں تاخیر کر رہی ہے۔ اس وجہ سے انہیں عبوری ضمانت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنا پڑا۔
سماجوادی پارٹی رہنما اعظم خان نے الزام لگایا کہ مقدمات کی قانونی کارروائی کو آگے نہ بڑھانے کے پس پشت یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کا مقصد انہیں آئندہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے سے روکنا تھا۔
واضح رہے کہ اعظم خان نے جنوری میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔ ان کے خلاف ریاست میں کئی مجرمانہ مقدمات درج ہیں اور وہ عدالتی حراست میں جیل میں بند ہیں۔
واضح رہے کہ ان کے بیٹے عبداللہ خان بھی کئی مقدمات میں تقریباً دو سال تک عدالتی حراست میں جیل میں رہے۔ وہ حال ہی میں ضمانت پر رہا ہوئے ہیں۔
رہائی کے بعد اپنے آبائی ضلع رام پور پہنچنے پر عبداللہ نے میڈیا کو اپنے بیان میں اپنے والد کی جان کو خطرہ ہونے کا سنسنی خیز الزام لگایا تھا۔