علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس ویلفیئر کے ڈین نے یونیورسٹی کے اقامتی ہالوں کے پرووسٹوں کے ساتھ خصوصی میٹنگ میں ہدایت دی کہ صحت و صفائی کی کمیٹیاں متعلقہ ہاسٹلوں میں صفائی ستھرائی کی نگرانی کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کھانے کے مناسب انتظام کے ساتھ ساتھ اس کے ضیاع سے بچا جائے۔ اس موقع پر پرووسٹوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے اقامتی ہالوں میں چوکس رہیں اور باقاعدہ معائنہ کرتے رہیں۔ ٹوٹی ہوئی چہار دیواریوں کی مرمت ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی۔ جلد ہی یونیورسٹی انجینیئر ایسے تمام انٹری پوائنٹس کی مرمت کے لیے ایک تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے۔
اس دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ اے ایم یو جانوروں کی ہمدردانہ دیکھ بھال کے سلسلہ میں پرعزم ہے اور جانوروں کے ساتھ ظلم کی روک تھام کے لیے بھی پابند ہے۔ اس کے ساتھ ہی طلباء کے لیے بیداری پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ طلباء سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ جانوروں کے حملے کے کسی بھی واقعے کی فوری اطلاع دیں تاکہ معقول اور بروقت کارروائی کی جاسکے۔ جانوروں کے تئیں حساس رویہ اپنانے اور یونیورسٹی کے سرسبز و شاداب ماحول کی اہمیت سمجھانے کے لئے اقامتی ہالوں اور دیگر اداروں کی جانب سے بیداری مہم چلائی جائے گی۔
یونیورسٹی پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی نے بتایا کہ سرسید ہاؤس میں تعینات سیکورٹی گارڈ کو کتے کے حالیہ حملے کے واقعے سے متعلق انکوائری مکمل ہونے تک کے لیے ڈیوٹی سے علاحدہ رکھا گیا ہے۔ واضح رہے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سرسید ہاؤس میں اتوار کے روز صبح بعد نماز فجر ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا تھا جہاں فجر کے بعد چہل قدمی کرنے آئے شخص کو کتوں کے ایک جھنڈ نے گھیر کر حملہ کردیا۔ کتوں کے حملہ کے دوران اس شخص نے بھاگنے کی بہت کوشش کی لیکن کتوں نے اسے نوچ ڈالا، اس شخص کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ جس کے بعد یونیورسٹی طلباء و طالبات نے یونیورسٹی باب سید پر جنگلی کتوں کے حملے کے خلاف احتجاج کیا تھا اور کیمپس کو جنگلی کتوں سے محفوظ کرنے کا مطالبہ کیا۔ جنگلی کتوں کے حملے میں ڈاکٹر صفدر علی کی موت کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے کیمپس سے جنگلی کتوں کو پکڑنے کے لئے علی گڑھ میونسپل کارپوریشن کو خط لکھا، جس کے بعد یونیورسٹی کیمپس سے جنگلی کتوں کو پکڑا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Dogs In AMU campus اے ایم یو کیمپس سے اب تک دس آوارہ کتوں کو پکڑا گیا