رامپور: رامپور میں 23 جون کو ہوئے لوک سبھا کے ضمنی انتخابات کے بعد سماجوادی دفتر دارالعوام میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے امیدوار عاصم راجہ نے کہا کہ ووٹنگ کے دوران پولیس کی جانب سے سماجوادی کے حامیوں پر بہت ظلم ڈھائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کئی لوگوں کی ہڈیاں توڑ دی گئیں، جنہیں ہسپتالوں میں آپریشن کرانے پڑ رہے ہیں۔ لوگوں کو حق رائے دہی کا استعمال کرنے سے روکا گیا۔ جن لوگوں نے ووٹ ڈالنے کی ضد کی، انہیں تھانہ میں لے جاکر بند کر دیا گیا۔
عاصم راجہ نے کہا کہ ہم نے اس معاملے سے الیکشن کمیشن کو بھی روشناس کرایا ہے۔ ووٹنگ کے دوران رامپور کو پولیس چھاونی میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ اس سے لوگ خوفزدہ ہوگئے اور گھروں سے نکلنے سے بھی ڈر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹنگ کا فیصد کم ہونے کے لیے مکمل طور پر پولیس انتظامیہ ذمہ دار ہے۔ واضح رہے کہ 23 جون کو ہوئے ضمنی انتخاب میں محض 41 اعشاریہ صفر ایک فیصد ہی ووٹنگ ہوئی تھی۔ اب دیکھنا ہوگا کہ اس مرتبہ کس طرح کے نتائج سامنے آتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Asim Raja Allegations on Administration : 'رامپور میں پولیس اور انتظامیہ کی وجہ سے ووٹرز میں دہشت'