اترپردیش ریلوے کو خفیہ ان پٹ رپورٹ جاری ہونے کے بعد ریلوے ڈیپارٹمنٹ نے اپنے سبھی بڑے اسٹیشن پر ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔
جی آر پی اور آر پی ایف نے کانپور سینٹرل اسٹیشن پر ایس پی کی قیادت میں سبھی آنے جانے والی ٹرینوں اور مسافروں کی تلاشی لی جانے لگی، ساتھ ہی مسافروں کو ہدایت بھی دی جارہی ہے کہ اگر انھیں کسی بھی طرح کی کوئی لاوارث چیز نظر آئے تو اسے ہاتھ نہ لگائیں اور فوراً پولیس کو اطلاع کریں۔
واضح رہے کہ کانپور ایک حساس شہر ہے جہاں ہمیشہ دہشت گردانہ حملے کے خطرات رہتے ہیں، ریلوے ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری ہائی الرٹ کی وجہ سے ایس پی جی آر پی الٰہ آباد سے کانپور آئے ایس پی پی منوج کمار جھا نے جی آر پی اور آر پی ایف کے ساتھ مل کر پورے اسٹیشن کا معائنہ کیا۔
کانپور سینٹرل اسٹیشن کو دہشت گردوں کی طرف سے کئی بار بم سے اڑا دینے کی دھمکیاں مل چکی ہیں، اس نازک صورت کو دیکھتے ہوئے ایس پی جی آر پی نے خود ایک ایک پوائنٹ کا معائنہ کیا
انھوں نے جی آر پی اور آر پی ایف کو اس کے لیے سخت تاکید کی اور ہر پوائنٹ کو خود جاکر دیکھا اور ریلوے پٹری کا خصوصا معائنہ کر اپنے ماتحتوں کو چوکنا رہنے کا حکم جاری کیا۔
ابھی حال ہی میں کچھ دنوں قبل کانپور سینٹرل اسٹیشن کے 50 کلومیٹر کے دائرے میں الگ الگ وقتوں میں تین ٹرین حادثے ہوچکے ہیں جس میں چند اموات بھی ہوئی تھیں، پولیس کی تحقیقات میں دہشت گردوں کی حرکات کا انکشاف ہوا تھا۔اسی لیے ایس پی جی آر پی از خود الہ آباد سے فوری طور پر کانپور آئے۔