جون پور شہر کے محلہ میر مست کے رہنے والے سماج وادی پارٹی کے رہنما حاجی افضال احمد کا جمعہ کے روز حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال ہو گیا تھا۔
ان کی نماز جنازہ مولانا محی الدین حشام نے احاطہ نواب یوسف میں ادا کی گئی۔ سینکڑوں افراد کی موجودگی میں آبائی قبرستان حوض خاص میں سپردِ خاک کیا گیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی اور سیٹی مجسٹریٹ نے انہیں "گارڈ آف آنر" پیش کیا۔
ان کی موت کی اطلاع ملتے ہی سیاسی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
حاجی افضال احمد کا تعلق سیاسی گھرانے سے تھا ان کے والد حاجی اقبال احمد عرف کللو نیتا کا شمار مشہور ترین رہنماؤں میں ہوتا ۔
حاجی افضال احمد 1955 میں پیدا ہوئے۔
انہوں نے بنیادی تعلیم محمد حسن پرائمری اسکول اٹالہ مسجد سے حاصل کی۔
اس کے بعد انٹر میڈیٹ میں محمد حسن انٹر کالج میں داخلہ لیا۔
سیاست ان کو وراثت میں ملی تھی اس لئے دوران طالب علمی سیاست کی طرف رجحان مزید ہو گیا تھا۔
محمد حسن سے طلبہ یونین کا انتخاب بھی صدارت کے عہدے کے لئے لڑا تاہم کامیابی نہیں مل سکی۔
گورکھپور یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کرنے کے بعد وکالت میں داخلہ لیا مگر سیاست سے وابستہ ہونے کے بعد وہ پڑھائی مکمل نہیں کر پائے۔
حاجی افضال احمد کا شمار بہترین مقرروں میں ہوتا تھا اور ہر مسائل پر بے باکی کے ساتھ اپنی رائے رکھتے تھے۔
ان کے اندر بہت خوبیوں کے ساتھ ایک خوبی یہ تھی کہ بہت جلد لوگوں کو درگزر کر دیتے تھے حسن اخلاق کے مالک تھے۔
اس کے علاوہ ضلع کی اکثر و بیشتر بزم و انجمن کے پروگرام ان کی قیادت و سرپرستی میں کامیاب ہوتے تھے۔
انھیں جلسہ و جلوس سے خاصہ دلچسپی و لگاؤ تھا ۔
مزید پڑھیں:سبزی پر مہنگائی کی مار
آزادی کے بعد سے متعدد جلوس ان کی قیادت میں کامیاب ہوئے مسلمانوں کی سب سے بڑی مزہبی تنظیم مرکزی سیرت کمیٹی کے پانچ مرتبہ صدر منتخب کیے گئے ۔
اس کے بعد سے ہر سال مسلسل جون پور کا تاریخی جلسہ و جلوس جلسہ سیرت النبی و جلوس مدح صحابہ ان کی سرپرستی میں اختتام پذیر ہوتا تھا۔
لوک دل،جنتا دل،بی جے پی وغیرہ پارٹیوں سے سیاست کا سفر طئےکرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کی قیادت میں 1995 میں سماج وادی پارٹی میں شامل ہوئے اور 1996 میں سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ سے جون پور صدر سیٹ سے اسمبلی انتخاب لڑے اور ممبر اسمبلی منتخب کیے گئے ۔
تاہم دوبارہ موقع نہ مل سکا ۔
ضلع کی مسلم لیڈر شپ میں ان کا شمار سر فہرست ہوتا تھا۔
گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ان کا انتقال ہوگیا ہے۔
جون کے لوگ انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔