اترپردیس کے ضلع بریلی میں درگاہ اعلیٰ حضرت میں واقع مرکزی دارالافتاء نے رمضان کے چاند کی شہادت کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے اطراف کے لوگوں کو شہادت کی ذمہ داری دینے کے ساتھ ساتھ ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیے گئے ہیں۔
اس تعلق سے مرکزی دارالافتاء کے مفتی عبد الرحیم نشتر نے بتایا کہ 29 شعبان یعنی 12 اپریل بروز پیر کے روز بعد نماز مغرب تمام افراد ماہِ رمضان کے چاند دیکھنے کا اہتمام کریں۔
اطلاعات کے مطابق تقریباً چالیس سال قبل درگاہ اعلیٰ حضرت میں پر واقع مرکزی دارالافتاء کے مفتیانِ کرام نے رویت ہلال کمیٹی تشکیل دی تھی، جو پورے سال اسلامی ماہ کے مطابق چاند دیکھنے کے بعد چاند نظر آنے کی تصدیق کرتی ہے۔
اس کمیٹی کی جانب سے اسلامی ماہ کے 29 تاریخ کو لوگوں سے چاند کا دیدار کرنے کی اپیل کی جاتی ہے اور چاند کا دیدار کرنے والے کم از کم تین لوگ درگاہ کے مرکزی دارالافتاء میں حاضر ہوکر رویت ہلال کمیٹی کے ممبران کے سامنے چاند دیکھنے کی تصدیق کرتے ہیں۔ لیکن شرط یہ ہے کہ چاند دیکھنے کی تصدیق کرنے والے تینوں افراد نمازی، پرہیزگار ہوں۔
اس سال بھی جماعت رضائے مصطفیٰ کے ترجمان ثمران خان نے بتایا کہ تمام اضلاع کے شہر قاضی اور ائمہ سے اپیل کی گئی ہے کہ ماہِ رمضان کا چاند نظر آتے ہی مرکزی دارالافتاء سے رابطہ کریں۔