دارالعلوم دیوبند اور وقف دارالعلوم کے علاوہ دیگر مدارس میں یومِ جمہوریہ کی تقاریب منعقد کی گئی اور جشن منایا گیا۔ جشن کے دوران ملک کے حالات پر بھی اظہار خیال کیا گیا اور سی اے اے اور این آر سی کو آئین کے خلاف بتایا گیا۔
قومی پرچم کشائی کے بعد قومی گیت گایا گیا اور علمائ کرام نے طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی آزادی کےلیے ہمارے بزرگان دین نے کئی قربانیاں پیش کی ہیں۔
علمائے کرام نے کہا کہ ملک میں امن و امان قائم رکھنے اور ملک کی ترقی کےلیے کام کرنا چاہئے۔
دارالعلوم کے مہتمم مفتی ابوالقاسم بنارسی نے کہا کہ یوم جمہوریہ کے موقع پر ملک کے آئین کے تحفظ کےلیے جدوجہد کرنے کا کا عہد لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتیں ملک کو مذہب کے نام پر باٹنا چاہتی ہیں جس کی آئین اجازت نہیں دیتا۔
مولانا سلمان بجنوری شیخ الحدیث استاد دارالعلوم دیوبند نے کہاکہ جس طرح ملک میں بیداری پیدا ہوئی ہے اس کے بعد فرقہ پرست طاقتوں کےلیے ملک کے آئین کو تبدیل کرنا آسان نہیں ہوگا۔ انہوں نے سی اے اے اور این آر سی کے خلاف جاری پرامن احتجاج کو صحیح قرار دیا اور احتجاج میں شامل خواتین آئین کی حفاظت کےلیے پرامن انداز میں جدوجہد جاری رکھنے کی تلقین کی۔