سنبھل: ضلع سنبھل میں پہلی بار ساڑھے تین فٹ ریحان زبیری کے گھر ننھی پری کی آمد ہوئی ہے۔ ریحان کی تین فٹکی بیوی تحسین جہاں نے صحت مند بیٹی کو جنم دیا ہے۔ چھوٹے قد کے جوڑے کے گھر میں بچی کی پیدائش سے اہل خانہ میں خوشی کا ماحول ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریحان زبیری کے خوشی کا ٹھکانا نہیں ہے۔ گزشتہ برس دونوں کی شادی سوشل میڈیا پر بہت چرچا ہوا تھا۔
بتادیں کہ سنبھل صدر کوتوالی علاقہ کے محلہ چمن سرائے سے تعلق رکھنے والے ریحان زبیری کی شادی میں ان کا چھوٹا قد رکاوٹ بن رہا تھا۔ ریحان زبیری کی 40 سال کی عمر تک شادی نہیں ہوئی تھی۔ اس دوران ان کے دوست فیروز اشرفی نے ریحان زبیری کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کیا، یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، اس کے بعد اس کی شادی رام پور ضلع سے تعلق رکھنے والی 3 فٹ کی تحسین کے ساتھ ہوئی۔ تحسین کے چھوٹے قد کی وجہ سے ان کی شادی میں مسئلہ پیدا ہورہا تھا۔ دونوں نے سوشل میڈیا میں خبریں عام ہونے کے بعد شادی کی۔ شادی کے دوران دونوں جوڑے بہت خوش نظر آئے۔
اب ریحان کی بیوی تحسین نے سنبھل کے ایک نجی اسپتال میں بیٹی کو جنم دیا ہے۔ والدین بننے کی خوشی ریحان اور تحسین کے چہروں پر صاف نظر آرہی ہے۔ وہیں اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ لڑکی نارمل ہے۔ وہ نارمل زندگی گزار سکے گی۔ دوسری جانب تحسین جہاں کی ڈیلیوری کرنے والی ڈاکٹر زوہا نے بتایا کہ انہوں نے نارمل ڈلیوری کرانے کی بہت کوشش کی، لیکن یہ ممکن نہ ہوسکا۔ ماں اور بچے کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے آپریشن کرنا پڑا۔ آپریشن کے بعد ایک صحت مند بچی کی پیدائش ہوئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ بچی نارمل زندگی گزارنے کے قابل ہو جائے گی۔ ڈاکٹر زوہا نے بتایا کہ انہیں امید ہے کہ لڑکی کا قد عام لوگوں جیسا ہوگا۔
وہیں باپ بننے کے بعد ریحان زبیری خود پر قابو نہ رکھ سکے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بہت خوش ہیں اور اللہ کا شکر ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کی بیٹی عام بچوں کی طرح ہے اور اس کا قد بھی عام انسانوں جیسا ہوگا تو ان کی خوشی میں اضافہ ہوگیا۔ اس کے ساتھ ہی اسپتال میں ریحان زبیری اور تحسین کو مبارکباد دینے کے لیے لوگ پہنچ رہے ہیں۔ ساتھ ہی ریحان بھی سب کو مٹھائی کھلا کر شکریہ ادا کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: