اترپردیش کے شہر مئو میں قارئین کی دلچسپی کا مرکز رہی الفاران پبلک لائبریری لاک ڈاؤن میں بند کر دی گئی۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد منتظمین نے لائبریری کی خدمات دوبارہ شروع کی۔ تقریباً دو ماہ ہو گئے ہیں لیکن لائبریری میں قارئین کی تعداد برائے نام ہی نظر آتی ہے۔
لاک ڈاؤن سے قبل قارئین کی خاصی تعداد لائبریری سے استفادہ کرتی تھی۔ اَن لاک کا عمل شروع ہونے پر بھی لائبریری ویران نظر آرہی ہے۔ لائبریری کے مستقل قاری انعام الحق کہتے ہیں کہ اَن لاک کا عمل شروع ہونے کے بعد لائبریری کی خدمات تو بحال کر دی گئی ہیں لیکن یہاں آنے والوں کی تعداد کافی کم ہے۔
لائبریری کےایک اور قاری لیاقت علی کے مطابق لائبریری میں اَن لاک کے بعد سے نئی کتب دستیاب نہیں ہیں۔ اس کےعلاوہ ماہانہ پرچے اور میگزین بھی ابھی تک آنے شروع نہیں ہوئے ہیں۔ یہ بھی لائبریری سے قارئین کی دلچسپی کم ہونے کی ایک بڑی وجہ ہے۔
مزید پڑھیے: 'دینی مدارس بحران کے دور سے گزر رہے ہیں'
مئو شہر کی عمدہ لائبریری میں شمار الفاران پبلک لائبریری میں دس ہزار سے زائد کتب کا ذخیرہ موجود ہے۔ یہاں سنسکرت، ہندی، انگریزی، اردو، عربی اور فارسی زبانوں میں مختلف موضوعات پر مواد موجود ہیں۔
یہاں مہابھارت کا مجموعہ پانچ جلدوں میں دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ اسلامی قانون میں حقوق انسانی کے موضوع پر انگریزی میں بہترین کتاب بھی قارئین کی دلچسپی کے مطابق مہیا کرائی گئی ہے۔