رمضان المبارک کے مہینہ میں ایک طرف جہاں مسلمان عبادت و ریاضت میں مصروف رہتے ہیں وہیں، دوسری جانب اس مہینہ میں کچھ مخصوص کاروبار عروج پر ہوتے ہیں۔
اس موقع پر کاروباریوں کا کہنا ہے کہ بازار سج گئے ہیں، رمضان المبارک کی رونقیں بازاروں میں نمایاں ہیں تاہم خریداری نہ ہونے کے باعث کاروباری شدید تشویش میں متبلا ہیں۔
پروانچل کے سب سے بڑے بازار بنارس کے دالمنڈی میں رمضان المبارک کے موقع پر کثیر تعداد میں عوام کا جم غفیر ہوتا ہے۔ کھانے پینے کی اشیا سے لیکر ملبوسات اور زیب و زینت کی وافر مقدار میں اشیا دستیاب ہوتی ہیں۔
رمضان المبارک کے موقع پر اس بازار میں دور دراز کے علاقوں سے عوام آتے ہیں اور خرید و فروخت کرتے ہیں۔ تاہم رواں برس کورونا وائرس کی خوفناک صورتحال کو دیکھتے ہوئے عوام اپنے گھروں میں ہیں جس کے سبب کھجور اور سیویوں کے کاروباری مایوس ہیں۔ مشرقی اترپردیش میں عید الفطر کے موقع پر مسلمان لنگی کی خریدار کرتے ہیں لیکن رواں برس یہ کاروبار بھی شدید متاثر ہے۔
کاروباریوں کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں کھجور اور سیویوں کا خاص کاروبار ہوا کرتا تھا۔ دور دراز علاقوں کے عوام منڈی بازار 'دالمندی' کا رخ کرتے تھے لیکن رواں برس کاروباری شدید خسارے میں ہیں۔
کاروباری خالد علی نے بتایا کہ جو امیدیں وابستہ تھیں اب وہ بھی ختم ہو چکی ہیں۔ کورونا کے پیش نظر حکومت کی جانب سے متعدد پابندیاں نافذ ہیں۔ اس سے بہتر ہے کہ ضلع انتظامیہ لاک ڈاؤن نافذ کرے تاکہ کرونا وائرس پر قابو پایا جاسکے اور تجارتی کاروباریوں کو بھی سکون مل سکے۔
واضح رہے کہ گذشتہ برس کی طرح رواں برس بھی رمضان المبارک میں کاروباریوں کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔