اتر پردیش فلم ڈیولپمنٹ کونسل کے چیئرمین راجو سریواستو نے آج نوئیڈا کے ڈریم پروجیکٹ فلم سٹی کے قیام کے لیے جاری پیش رفت کے حوالے سے یمنا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے عہدیداروں سے تفصیلی گفتگو کی۔
اس دوران انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ پروجیکٹ وزیر اعلیٰ کا خواب ہے جس کے ذریعہ اتر پردیش کے فنکاروں کو بہترین موقع اور اسٹیج حاصل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 'یمنا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت بین الاقوامی معیار کی فلم سٹی تعمیر کی جائے گی جہاں ہر قسم کی سہولیات مہیا ہوں گی۔
راجو سریواستو نے کہا کہ 'فلم سٹی کا کام آئندہ 3 سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ امید ہے کہ فلم سٹی کی تعمیر کا کام مقررہ وقت میں مکمل ہو جائے گا۔
فلم ڈیولپمنٹ کونسل کے چیئرمین راجو سریواستو نے اتھارٹی کے عہدیداروں اور صحافیوں سے بات چیت کے بعد یمنا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سیکٹر۔21 پہنچے اور فلم سٹی کی جگہ کا معائنہ کیا۔
مزید پڑھیں:
اترپردیش بورڈ: ہائی اسکول و انٹرمیڈیٹ کے امتحان 24 اپریل سے شروع
راجو سریواستو نے یمنا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر ارون ویر سنگھ سے فلم سٹی کے پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور ترقیاتی کاموں میں مزید تیزی لانے کی بات کہی۔
اس دوران یمنا اتھارٹی کے افسران اے سی ای او مونیکا رانی، رویندر سنگھ، او ایس ڈی شیلندر بھاٹیہ، ڈسٹرکٹ انٹرٹینمنٹ ٹیکس آفیسر جے پی چند، پی آر او کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نند کیشور موجود تھے۔