ریاست اترپردیش کے صنعتی شہر نوئیڈا میں 'ورلڈ ریڈیو ڈے' کے موقع پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ریڈیو کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے تیونس سفیر نجم الدین نے کہا کہ ریڈیو معاشرے میں اصلاح کا اہم ذریعہ ہے۔
نجم الدین نے کہا کہ ریڈیو کو جتنی بھارت میں اہمیت حاصل ہے اتنی ہی پوری دنیا میں ہے اور یہ بہت اچھا ذریعہ ہے لوگوں تک اپنی بات پہنچانے کا۔
انہوں نے کہا کہ ریڈیو سنتے سنتے ہم اپنے کام بھی کرتے ہیں اور ملک سمیت غیرملکوں معلومات بھی حاصل کرتے ہیں، یہ بات گلوبل فیسٹیول آف جرنلزم کے دوسرے دن عالمی ریڈیو ڈے کے موقع پر ماروا اسٹوڈیو، فلم سٹی، سیکٹر 16 نوئیڈا میں تیونس کے سفیر نجم الدین لاخل نے کہی۔
انہوں نے کہا ہمارے ملک کے بارے میں بیشتر بھارتیوں کو زیادہ جانکاری نہیں ہوگی، لیکن تیونس کے لوگ بھارت کے بارے میں بہت کچھ جانتے ہیں۔
اس موقع پر پاپوا نیوگنی کے ہائی کمشنر پالیس کورنی، اندرا گاندھی ٹیکنیکل اینڈ میڈیکل سائنس یونورسٹی کے چانسلر مارکنڈے رائے، مصری سفیر محمد شکور ناڈا، رنجن مکھرجی، نریندر گپتا، موٹی ویٹر پریش روگھانی اور سندیپ ماروا نے طلباء کو خطاب کیا۔
مارواہ اسٹوڈیو کے ڈائریکٹر سندیپ ماروا نے کہا آج کا ریڈیو گانا سننے کے ساتھ ساتھ معاشرے کے اصلاح کا بھی ذریعہ ہے۔
پالیس کورنی نے کہا جب ٹی وی اور انٹرنیٹ نہیں تھا، لوگ کانوں پر ریڈیو لگائے میلوں سفر طے کرلیتے تھے۔
محمد شکور ناڈا نے کہا کہ صحافت ایک ایسا پیشہ ہے جس سے آپ معاشرے سے جڑسکتے ہیں اور معاشرہ آپ کے ساتھ۔۔
مارکینڈے رائے نے کہا کہ آج ہم یوم ریڈیو منارہے ہیں جو ریڈیو ایک ایسا ذریعہ ہے جس سے تصورات جنم لیتے ہیں۔ اس لیے ہم کئی بار ریڈیو جاکی کے مرید ہو جاتے ہیں، ریڈیو بغیر کسی ا خبار کے خود ایک اخبار ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل جس طرح صحافت سے جڑرہی ہے اس سے صحافت کا مستقبل محفوظ اور تابناک ہے۔
کانفرنس کے دیگر پروگراموں میں ورلڈ ریڈیو پوسٹر، نیوز بلٹین، ورک شاپ اور کئی ثقافتی پروگراموں کا بھی انعقاد ہوا۔