علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے ڈین پروفیسر فواد سعید شیرانی کو ان کی معمول کی ذمہ داریوں کے ساتھ یونیورسٹی کے کلچر ایجوکیشن سنٹر (سی ای سی) کا دو سال کے لیے نیا کوآرڈنیٹر مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے اے ایم یو شعبہ اردو کے پروفیسر سید سراج الدین اجملی سے عہدے کا چارج حاصل کیا جن کی مدت کار مکمل ہو گئی ہے۔
اے ایم یو طبی کالج کے کلیات شعبہ کے استاد پروفیسر شیرانی اس سے قبل بھی 2012 سے 2019 تک سی ای سی کے کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے خدمت انجام دے چکے ہیں۔
اس دوران انہوں نے سی ای سی میں چار نئے کلب بنائے اور دیگر 11 کلبوں کی بلندکاری کی۔جی ای سی کا نام بدل کر سی ای سی کرنے اور کینڈی آڈیٹوریم میں روشنی اور آواز سے متعلق سہولیات کی تنصیب اور ائیرکنڈیشنگ کا سہرا بھی انہی کے سر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: PM Modi: وارانسی کو 1500 کروڑ روپے کا تحفہ
اس کے علاوہ انہوں نے سی ای سی میں سالانہ بین الاقوامی فلمی میلہ 'فلمساز'، سالانہ ادبی میلہ 'لٹ فیسٹ'، سالانہ آرٹ شو 'آرٹ نشے' اور سالانہ موسیقی فیسٹیول 'سر' کا بھی آغاز کیا۔
واضح رہے پروفیسر شیرانی کی مدت کار میں یونیورسٹی نے ملک میں منعقدہ مختلف ادبی و ثقافتی میلوں میں 90 ایوارڈ جیتے۔