پرینکا گاندھی کا روڈ شو دس بجے کے بعد نسيم گنج میں شروع ہوا اور شہر کے اہم مقامات سے گزرا۔ اس دوران کانگریس کے امیدوار للتیش پتی ترپاٹھی بھی ان کے ساتھ تھے۔
روڈ شو کے دوران کانگریس پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ سہل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے حامی اپنی پارٹی کے پیلے رنگ کے پرچم کے ساتھ چل رہے تھے۔
راستے میں جگہ جگہ پرینکا گاندھی پر پھول برسائے گئے۔ وہ ساتھ چل رہے لوگوں سے ہاتھ بھی ملا رہی تھیں اور لوگوں کا استقبال بھی قبول کر رہی تھیں۔
روڈ شو میں شامل لوگ کانگریس اور اس کے امیدوار کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔
سہل دیو کی بھارتیہ سماج پارٹی طویل عرصے تک بھارتیہ جنتا پارٹی کی حمایت کرتی رہی ہے۔ اس پارٹی کے رہنما اوم پرکاش راج بھر اپنے کسی رشتے دار کو لوک سبھا الیکشن لڑانا چاہتے تھے لیکن ٹکٹ نہ ملنے سے وہ ناراض ہو گئے تھے۔
راج بھر اتر پردیش کی حکومت میں وزیر تھے لیکن گذشتہ دنوں انہوں نے استعفی دے دیا تھا جو اب تک منظور نہیں ہوا ہے۔ مرزا پور لوک سبھا سیٹ پر ساتویں اور آخری مرحلے کے تحت 19 مئی کو پولنگ ہوگی۔