پرینکا گاندھی نے آج پریاگراج پہنچ کر ماہی گیر برادری کے ارکان سے بات چیت کی اور پولیس کی جانب سے کی جارہی ہراسانی سے متعلق جانکاری حاصل کی۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے قبل ازیں 11 فروری کو مونی اماوس کے موقعہ پر بیٹی مرایا کے ساتھ گنگا۔جمنا کے سنگم شہر پریاگراج پہنچی اور سنگم میں ڈبکی بھی لگائی تھیں۔ اس دوران ایک وائرل ویڈیو میں پرینکا کو گنگا میں کشتی چلاتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ سنگم میں نہانے کے بعد پرینکا گاندھی من کامیشور مندر پہنچی تھیں جہاں انہوں نے شنکراچاریہ سوامی سوروپانند سرسوتی سے ملاقات کی تھیں۔
مقدس ڈبکی کے وقت پرینکا گاندھی سجیت نشاد کی کشتی پر سوار ہوئی تھیں۔ اس وقت سجیت نے پرینکا گاندھی کو نشاد طبقہ کے ساتھ ہورہی پولیس ہراسانی و بربریت کے بارے میں بتایا تھا۔ اس نے پولیس پر کشتیوں کو تباہ کرنے کا بھی الزام عائد کیا تھا۔ سنجیت نے نشاد طبقہ پر ہورہے مظالم کے خلاف آواز اٹھانے اور مدد فراہم کرنے کی پرینکا گاندھی سے خواہش کی تھی۔
اطلاعات کے مطابق اترپردیش حکومت نے 24 جون 2019 کو ریاست بھر میں ریت کی کانکنی میں کشتیوں کے استعمال پر پابندی عائد کردی تھی جس کے بعد نشاد طبقہ سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد بیروزگار ہوگئے تھے۔