ریاست اترپردیش کے ضلع بریلی میں پولیس نے مختلف علاقوں سے گمشدہ یا چوری شدہ تقریبا 22 لاکھ روپے کی مالیت کے 111 موبائل فون برآمد کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے، گزشتہ برس کے پہلے 11 مہینوں کے دوران ان موبائل فونز کی گمشدگی اور چوری کی اطلاعات مختلف تھانوں میں درج کرائی گئی تھی۔
بریلی پولیس نے قابل تعریف خدمات انجام دیتے ہوئے چوری شدہ اور گم شدہ موبائل فونز کو برآمد کیا اور تمام موبائل کو اُن کے مالکان کے حوالے کر دیا، یہ تمام موبائل فون گزشتہ برس سنہ 2020 میں یا تو چوری ہو گئے تھے یا پھر کہیں گم شدہ ہو گئے تھے، مہینوں کی مشقت کے بعد ان تمام موبائل فونز کو برآمد کیا گیا ہے۔ میڈیا کو معلومات دیتے ہوئے ایس ایس پی روہِت سنگھ سجوان نے بتایا کہ پولیس نے اس سلسلے میں موصولہ شکایات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ضلع کے مختلف علاقوں سے موبائل برآمد کر لئے ہیں۔