اطلاعات کے مطابق جامعہ ملیہ اسلامیہ میں پولیس کی کارروائی میں متعدد طلبا زخمی ہونے کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبا نے پولیس کی کارروائی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
احتجاجیوں نے سڑک پر رکھے بیریکیڈ کو اکھاڑ پھینکا اور پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔
پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے گولے برسائے۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور اطراف کے علاقوں میں حالات کشیدہ بتائے جارہے ہیں جبکہ پولیس کے مطابق حالات قابو میں ہیں۔
اس سلسلہ میں رجسٹرار نے آج رات میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کل سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو سرمائی تعطیلات دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتہ سے سرمائی تعطیلات کا شیڈول تھا جسے تبدیل کرتے ہوئے کل ہی سے سرمائی تعطیلات دی جارہی ہیں جبکہ تعطیلات 5 جنوری تک جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جلدازجلد علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کو بہت جلد طلبا سے خالی کرادیا جائے گا۔