کورونا وائرس بنارس و اطراف میں خوفناک شکل اختیار کر چکی ہے اس کے زد میں عوام و خواص تیزی سے آرہے ہیں بنارس وزیراعظم نریندر مودی کا پارلیمان حلقہ ہے اس لیے یہاں کی طبی سہولیات کی بہتری کی امید کی جارہی تھی لیکن جیسے حالت بے قابو ہوئے طبی سہولیات کی پول کھل گئی۔
یہ بات اس وقت سامنے آئی جب وزیراعظم سے ملاقات کر چکے کاشی علاقے کے بی جے پی اقلیتی مورچہ کے صدر حاجی انوار انصاری نے اپنے فیسبک پیغام میں لکھا کہ میری بھابھی کی طبیعت خراب تھی پارٹی کے اعلی رہنماؤں کو فون کیا کہ ایک بیڈ کا انتظام کردیں لیکن ایک بیڈ کا انتظام نہ ہوا اور میری بھابھی بغیر علاج کے ہی دنیا سے رخصت ہوگئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کے ذریعہ لاک ڈاون میں کیے گئے کام کی تعریف کی تھی اور مکتوب لکھ کر بھی حوصلہ افزائی کیا تھا اور اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے نام لیکر ٹویٹ بھی کیا تھا۔
کچھ دن بعد ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بات چیت بھی کیے تھے لیکن اب تک ان کی بھابھی کے لیے ہسپتال میں ایک بستر کا انتظام نہ ہوسکا تب انہوں نے ایک ویڈیو کے ذریعے افسوس کا اظہار کیا اور وزیراعظم و ریاست کے وزیر اعلیٰ سے درخواست کیا ہے کہ بنارس میں طبی سہولیات پر توجہ دیں۔