اترپردیش کے رامپور میں گزشتہ سماجوادی حکومت میں سابق وزیر ترقیات اعظم خاں کے ذریعہ تعمیر کردہ راشٹریہ پرشِکشن سنستھان یعنی قومی تربیتی ادارہ آخر کس تربیت کے لئے قائم کیا گیا تھا اور کروڑوں کی لاگت سے تعمیر کردہ اس ادارے کا استعمال فی الحال کس طرح ہورہا ہے؟ ان تمام سوالات سے متعلق ہم نے جہاں اس ادارے کا جائزہ لیا وہیں مقامی لوگوں سے بات کرکے اس کی ضرورت اور موجودہ صورتحال جاننے کی کوشش کی۔
ریاست میں تعمیر و ترقی کے لئے پہچانے جانے والے سابق وزیر ترقیات اور رامپور کے رکن پارلیمان اعظم خاں نے سماجوادی دور حکومت میں اترپردیش میں تعلیمی ادارے قائم کرنے کے ساتھ ہی تحقیقی اور تربیتی مراکز بھی تعمیر کئے تھے۔ انہی میں سے رامپور میں ایک بڑے رقبے پر قائم راشٹریہ پرشِکشن سنستھان بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:رامپور: اعظم خاں کی رہائی کے لئے طلباء کا دریائے کوسی میں احتجاجی مظاہرہ
اس کی تعمیر اعظم خاں نے سن 2016 میں کرائی تھی لیکن 2017 میں اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی یوگی حکومت کے اقتدار میں آجانے کے بعد حالات بدل گئے۔ ساتھ ہی موجودہ یوگی حکومت میں اعظم خاں کے جیل جانے کے بعد قومی تربیتی ادارہ محض ایک معمہ بن کر رہ گیا ہے، نہ سمجھنے کا نہ سمجھانے کا۔ موجودہ حکومت میں اس ادارے کا استعمال کس طرح ہورہا ہے، یہ جاننے کے لئے ای ٹی وی بھارت نے مقامی لوگوں سے بات کی۔