قومی یوم کھیل کے موقع پر کھو کھو فیڈریشن آف انڈیا (کے کے ایف آئی) کے صدر سدھانشو متل نے اتوار کو جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں ایک آفیشیل کھو کھو گراؤنڈ کا افتتاح کیا۔ جونیئر نیشنل کے لیے سلیکشن ٹرائل بھی یہاں منعقد ہوگا۔
اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے سدھانشو متل نے تاریخی جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں مقامی کھیلوں کے لیے جگہ فراہم کرنے پر مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر اور اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (ایس اے آئی) کا شکریہ ادا کیا۔
سدھانشو متل نے کہا کہ 'یہ پورے کھو کھو فیملی کے لیے قابل فخر لمحہ ہے۔ قومی کھیلوں کے دن ہمیں کھو کھو کھلاڑیوں کے لیے ایک مستقل جگہ مل گئی ہے۔ کئی بین الاقوامی کھو کھو کھلاڑی یہاں آئیں گے۔ یہاں کھلاڑیوں کے لیے اچھی سہولیات موجود ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'میں وزارت کھیل، ایس اے آئی اور جواہر لال نہرو اسٹیڈیم کے منتظمین کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے کھو کھو کو فروغ دینے میں مدد کی۔'
یہ بھی پڑھیں: کھیلوں میں ملک کو بلندیوں پر لے جانا ہے: مودی
اس دوران کے کے ایف آئی کے جنرل سکریٹری ایم ایس تیاگی نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ 'سب سے پہلے میں یوم قومی کھیل کے موقع پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میری خواہش ہے کہ ہندوستان کھیلوں میں مزید ترقی کرے اور عالمی طاقت بنے۔' انہوں نے کہا کہ 'ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہمارے کھلاڑیوں کو بڑے ایونٹس کے لیے بہترین سہولیات مہیا ہو۔'