اشوک گہلوت نے سوشل میڈیا کے ذریعہ کہا کہ 'ہاتھرس میں آدھی رات کو لڑکی کی آخری رسومات کردی گئی۔ یہ لاپروائی دل کو دہلادینے والی ہے اور پورے ملک کی یادوں میں ہمیشہ چھائی رہے گی۔ رات کو پولس کی نگرانی میں نذر آتش کردیا گیا جبکہ اس کی ماں اپنی بچی کو آخری مرتبہ دیکھنے کے لیے بلکتی رہی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا میں بھی نذر آتش کے دوران خاندان کے بیس لوگوں کو چھوٹ دی گئی ہے۔ بغیر کورونا کے بھی آخری رسومات میں خاندان کو لاش پہلے حوالے کی جاتی ہے، ہمارے بارڈر پر شہید ہوئے فوجیوں کا جسد خاکی بھی پہلے گاؤں تک آتا ہے، ہیلی کاپٹر اور ہوائی جہاز سے اس کی لاش لائی جاتی ہے، بیرون ممالک سے بھی لاشیں لائی جاتی ہیں۔
اشوک گہلوت نے کہا کہ اعزاز دینے کی بات ہمارے ملک کے لوگوں کے سنسکار، ثقافت اور مذہبی روایات کی بنیاد پر ہمیشہ رہی ہے۔ یہ سب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دور حکومت میں ہوا پھر بی جے پی کس ہندو ثقافت کی بات کرتی ہے۔