اسلامک سنٹر آف انڈیا کے چیئرمین مولانا خالد رشید فرنگی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ الوداع جمعہ میں کووڈ 19 پروٹوکول کے مطابق صرف پانچ افراد ہی مساجد میں نماز ادا کریں۔ اس کے علاوہ سبھی لوگ اپنے گھروں میں باجماعت الوداع جمعہ ادا کریں۔
لکھنؤ کےمولانا خالد رشید فرنگی نے کہا کہ وبائی امراض کے خطرات کو دیکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے گائیڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے مساجد میں صرف پانچ افراد ہی الوداع جمعہ ادا کریں۔ اس دوران سماجی دوری اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔
مولانا خالد نے مسلم سماج سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کے گھروں میں چار افراد ہوں، وہ لوگ اپنے اپنے گھروں میں ہی الوداع جمعہ ادا کریں، مسجد جانے کی ضرورت نہیں ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ اگر کسی کو جمعہ کا خطبہ یاد نہیں ہو تو پہلے خطبے میں سورہ فاتحہ اور سورہ اخلاص اور دوسرے خطبے میں درود شریف اور دوسری کوئی بھی دعا پڑھ لیں۔
مولانا خالد نے یہ بھی بتایا کہ الوداع جمعہ اور عید کے موقع پر لوگوں کو ایک دوسرے کو گلے لگانا نہیں چاہئے اور نہ ہی مصافحہ کرنا چاہئے بلکہ اس کے بجائے اپنے گھروں میں ہی نماز پڑھنا چاہئے۔ سبھی مسلمان اللہ رب العزت سے دعا کریں کہ کورونا وائرس سے پورے ملک اور دنیا کو نجات مل جائے۔