اورینٹیشن پروگرام کے پہلے روز ایم بی بی ایس کے طلبا کو گروپس میں فیکلٹی آف میڈیسن کے مختلف شعبوں اور او پی ڈی کا دورہ کرایا گیا جبکہ دوسرے روز آڈیٹوریم میں ایک پروگرام منعقد ہوا جس میں پروفیسر راکیش بھارگو (ڈین فیکلٹی آف میڈیسن) نے طالبہ کے خیرمقدم کیا اور نئے نصاب پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اس موقع پر پروفیسر راکیش بھارگو نے کہا کہ طلبا کو کووڈ۔19 سے متعلق حکومت کی رہنما ہدایات پر سختی سے عمل کرنا چاہئے اور تعلیم پر خصوصی توجہ دینی چاہئے۔
میڈیکل ایجوکیشن یونٹ کے کوآرڈینیٹر پروفیسر سیما حکیم نے طبی تعلیم کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے نئے نصاب کے مقاصد پر سیرحاصل تقریر کی۔ وہیں ڈاکٹر بشری صدیقی (پیتھالوجی) نے کلینیکل ٹیچنگ اور لرننگ کے قواعد و طریقوں پر روشنی ڈالی
شعبہ امراض خواتین کی پروفیسر زہرہ محسن، پروفیسر شاہین، ڈاکٹر نسرین نور اور شعبہ امراض اطفال کے پروفیسر کامران افصل نے ترسیل و ابلاغ کے ہنر پر طلبا و طالبات کی رہنمائی کی۔
میڈیکل ایجوکیشن یونٹ کے ممبران پروفیسر شگفتہ معین، پروفیسر سائرہ مہناز، ڈاکٹر نسرین نور اور ڈاکٹر علی جعفر عابدی نے اورینٹیشن پروگرام کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا۔ پروگرام کے اختتام پر سبھی طلبا نے ویب لنک کے توسط سے اپنے تاثرات فراہم کئے اور پروگرام کی سراہنا کی۔