علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) سینٹر فار اسکل ڈیولپمنٹ اینڈ کیریئر پلاننگ کے تحت یک روزہ کوشل میلہ ویمنس کالج میں منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں مہمان خصوصی نامور ماہر امراض اطفال ڈاکٹر حمیدہ طارق نے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) صرف ایک ادارہ نہیں ہے بلکہ ایک تربیت گاہ ہے، جہاں زندگی کی تعلیم دی جاتی ہے اور اس کے لئے نسل نو کی تربیت کی جاتی ہے۔ ہماری یہ کوشش ہوتی ہے کہ یہاں تعلیم حاصل کرنے والی طالبات زندگی کے ہر میدان کے لئے تیار رہیں اس لئے ہم ان کی ایسی تربیت کرتے ہیں جس سے انہیں کہیں ناکامی کا منہ نہ دیکھنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ سینٹر فار اسکل ڈیولپمنٹ اینڈ کیریئر پلاننگ ایک ایسا شعبہ ہے جس نے نہ صرف عملی سطح پر بچیوں کی تربیت کی ہے بلکہ اس نے سرسید کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹر کی ڈائریکٹر اور ویمنس کالج کی پرنسپل پروفیسر نعیمہ خاتون کی سربراہی میں یہ شعبہ ترقی کی نئی منزلیں طے کر رہا ہے۔ انہوں نے طالبات کے ذریعہ تیار سامان آرائش و زیبائش اور تزئین کے ساتھ ہی ملبوسات، سلائی و کڑھائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بچیوں کو ان کاموں میں مہارت ہونی چاہئے اور اسے وہ آمدنی کا ایک مستقل ذریعہ بنا سکتی ہیں۔انہوں نے آرائش و زیبائش کی صنعت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں اس کی بڑی اہمیت ہوگئی ہے، یہ پوری ایک انڈسٹری بن گئی ہے۔
سینٹر فار اسکل ڈیولپمنٹ اینڈ کیریئر پلاننگ کی ڈائریکٹر اور ویمنس کالج کی پرنسپل پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ تربیت بھی ضروری اور یہ تربیت صرف قدروں کی نہیں ہوتی بلکہ یہ تربیت زندگی کی ہے۔ انہوں نے طالبات اور ٹرینرس کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ جس خوبصورتی سے آپ نے اپنی فن کاری کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے سر سید کے دور اور ان کے وژن اور مشن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد صرف تھیوریٹیکل تعلیم نہیں تھا بلکہ وہ پریکٹیکل اور عملی تعلیم کے خواہاں تھے،اور اس سے بہتر بچیوں کی کوئی عملی تعلیم نہیں ہوسکتی۔
پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا یہ کوشل میلہ ہے جس میں بچیوں نے اپنے ہاتھوں سے تیارکردہ اشیاء فروخت کرنے کے لئے پیش کیں، ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے۔آئی جی ہال کی پرووسٹ شیبا حامد نے کہا ہم بچیوں کی اعلیٰ تربیت میں ہمہ وقت مصروف رہتے ہیں،وہ کلاس کے وقت اپنے شعبوں میں رہتی ہیں اس کے بعد ہاسٹلوں میں قیام کرکے اپنے کام کرتی ہیں۔بچیوں نے جس فنکاری کا مظاہرہ کیا ہے اس میں اس ماحول کا بہت عمل دخل ہے ،جس میں ان کا وقت گزرتا ہے۔ ڈائریکٹر یوجی سی، ایچ آر ڈی سی ڈاکٹر فائزہ عباسی نے کہا کہ اسکل ڈیولپمنٹ یعنی صلاحیتوں میں اضافہ در اصل شخصیت سازی کا ایک اہم حصہ ہے، جس شخص میں جس قدر فنکاری ہوتی ہے سماج میں اسی اعتبار سے اس کو اہمیت ملتی ہے۔ اس موقع پر اسٹوڈینٹ کاؤنسلر ڈاکٹر ثمرین حسن خان، تنویر بدر، ثمینہ، عروس الیاس، عائشہ منیرہ فیروز وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں:New Cancer Block OPD in AMU علی گڑھ میں کینسر بلاک او پی ڈی کا افتتاح
واضح رہے کہ سینٹر فار اسکل ڈیولپمنٹ اینڈ کیریئر پلاننگ کے تحت این ایس 4 اکیڈمی کے مالی تعاون سے ویمنس کالج میں یک روزہ کوشل میلے کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں تقریبا 30 اسٹال لگائے تھے۔ مختلف کورسیز کی طالبات نے اپنے ٹرینرس کی رہنمائی میں یہ اشیاء تیار کیں تھیں۔ کوشل میلہ میں موہنی، شاہین بیگم، نکی، ثنا ملک، ہمانی شرما، عالیہ، نکہت، اثنا، اپاسنا، طیبہ اقصیٰ خانم، عالیہ راشد اور راحیلہ وغیرہ نے اپنے ٹرینر خالدہ شبنم، صنوبر، ادیبہ سلیم، شازیہ حسام، عطیہ پروین، شازیہ فہیم اور ورشا وغیرہ کی رہنمائی میں اپنی تیار شدہ مصنوعات فروخت کے لئے پیش کیں۔