علی گڑھ:اترپردیش کے علی گڑھ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے مدنظر سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے پرچہ داخل کرنے کے بعد زور شور سے تشہیری مہم چلا رہے ہیں۔ اسی درمیان الیکشن کمیشن کے رہنما خطوط کے مطابق میئر امیدوار کے پرچۂ نامزدگی کے لیے ضلع کلکٹریٹ کے ہیڈ کوارٹر میں پانچ افراد کو داخلے کی اجازت دی گئی ۔ باوجود اس کے علیگڑھ سے بی جے پی کے میئر امیدوار پرشانت سنگھل نے آج بڑی تعداد میں حامیوں کے ساتھ ضلع کلکٹریٹ ہیڈ کوارٹر پر پرچۂ نامزدگی داخل کیا جس کے دوران نعرے بازی بھی کی گئی۔
اس کے خلاف موقع پر موجود سماجوادی پارٹی کے میئر امیدوار اور سابق رکن اسمبلی حاجی ضمیر اللہ نے سوال پوچھتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی تمام گائیڈ لائنز اپوزیشن کے لیے ہی ہیں، حکمران جماعت کے لیے کوئی گائیڈ لائن نہیں ہے طاقت کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ حاجی ضمیر اللہ نے مزید کہا جب پرچۂ نامزدگی میں ہی پانچ کی جگہ چار پانچ سو لوگ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے دفتر میں داخل ہوں گے تو 11 مئی کو ووٹنگ کے دن منصفانہ انتخابات کیسے ہو سکتے ہیں اس لیے ہم الیکشن کمیشن سے اس کی شکایت کریں گے اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کا مطالبہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:BSP Candidate Salman Shahid علیگڑھ میونسپل کارپوریشن کے میئرکے عہدے کے لئے سلمان شاہد نے پرچہ نامزدگی داخل کیا
ڈسٹرکٹ کلکٹریٹ پر پرچۂ نامزدگی کے لیے آئے بی جے پی کے میئر امیدوار پرشانت سنگھل نے صحافیوں کو بتایا صفائی، فضلہ کے انتظام اور تجاوزات کا خاتمہ کو لے کر عوام کے بیچ جاؤنگا، میں وزیراعظم اور ریاست اترپردیش کے وزیر اعلی کا شکر ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے میئر امیدوار بنایا۔