ٹرک میں جموں و کشمیر کے پلوامہ سے 25 مہاجر مزدور سہارنپور آ رہے تھے۔ راستے میں ایک مزدور کی موت ہوگئی، پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا، جب کہ دیگر مزدوروں کی تلاش کی جارہی ہے۔ تاکہ انہیں کورنٹائن کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سہارنپور سے ایک ٹرک کچھ سامان لے کر جموں و کشمیر کے لیے روانہ ہوا تھا، ٹرک پلوامہ سے واپس آرہا تھا تو کچھ مزدوروں کو ٹرک ڈرائیور نے ٹرک میں سوار کرلیا، راستے میں ان مزدوروں میں سے ایک کی موت ہوگئی۔
جیسے ہی سہارنپور انتظامیہ کو اس کی اطلاع ملی، تو لاش کو فورا اپنے قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کردیا۔ جب کہ دیگر مزدور پہلے ہی گھر جاچکے تھے، پولیس ان کی تلاش کررہی ہے۔پولیس نے ٹرک ڈرائیور اور اس کے ایک ساتھی کو کورنٹائن کردیا ہے۔
اس سلسلے میں ایس پی سٹی ونیت بھٹناگر نے بتایا کہ گزشتہ روز جموں و کشمیر کے پلوامہ سے آرہے ایک ٹرک میں ڈرائیور نے ترپال ڈال کر کچھ مزدوروں کو بٹھایا تھا جس میں سے ایک مزدور کی اچانک طبیعت خراب ہوئی اور اس کی موت ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ مرنے والے مہاجر مزدور کا پوسٹ مارٹم کرایا جاچکا ہے اور اب اس کی آخری رسومات کی تیاری کی جارہی ہے۔