واقعہ کی اطلاع ملنے پر موقع پر پولیس پہنچ گئی۔ گاؤں کا ماحول خراب نہ ہو اس لیے علاقے میں کافی تعداد میں پولیس فورس تعینات ہے۔
اطلاعات کے مطابق گذشتہ ہفتہ اتوار کے روز علاقہ کے گاؤں دگچاڑی میں سیلون کی دکان پر پیسوں کے لین دین کے چلتے سونو اور نریش کے درمیان جھگڑا ہو گیا تھا، جس میں سونو کا بھائی شیام لال اور بھرت جبکہ دوسرے فریق کا نریش زخمی ہو گیا تھا۔
پولیس نے اس معاملہ میں سونو کی تحریر پر نریش فریق کے آٹھ افراد کے خلاف معاملہ درج کیا تھا، حالانکہ ایک ہفتہ بعد بھی پولیس ایک بھی ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی ہے۔ لیکن آج میرٹھ میں علاج کے دوران شیام لال کی موت ہو گئی۔ شیام لال کی موت کی اطلاع ملتے ہی اہل خانہ بے چین ہو گئے۔
اس بات کی اطلاع جیسے ہی پولیس کو ملی ویسے ہی ایس پی دیہات ودیا ساگر مشرا نے گاؤں میں حالات کاجائزہ لیتے ہوئے گاؤں میں دو انچارج سمیت بڑی تعداد میں پولیس فورس کو تعینات کر دیا۔
واقعہ کے بعد بھیم آرمی کارکنان نے ایس پی دیہات سے ملاقات کر کے اپنے غصہ کا اظہار کیا اور فوری طورپر ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی اور متوفی کے اہل خانہ کو مالی مدد دیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو گھر پر لائے جانے کے مدنظر پولیس پوری مستعدی کے ساتھ حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔