ریاست اتر پردیش کے ضلع بدایوں میں آوارہ جانور عوام کے لئے مسلسل مشکلات کا سبب بن رہے ہیں۔ دراصل بدایوں کے قصبہ دہگواں میں ایک سانڈ نے 55 سالہ ریاست نامی دکاندار کو پٹک پٹک کر ہلاک کر دیا۔
مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ 'شام کے وقت جب ریاست اپنی دکان سے واپس گھر لوٹ رہے تھے تو مارکیٹ میں آوارہ گھومنے والے سانڈ نے ان پر حملہ کر دیا، جب تک لوگ انہیں بچانے پہنچے تب تک سانڈ نے ریاست کو شدید زخمی کر دیا تھا۔'
لوگوں کا کہنا ہے کہ 'علاج کے لیے انہیں فوری طور پر قریب کے اسپتال میں داخل کرایا گیا لیکن انہیں بچایا نہیں جا سکا۔'
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی 13 اکتوبر کو ضلع کے کانسی گاؤں اور گزشتہ ہفتے اثمان پور گاؤں میں ایک سانڈ اور گائے کے چھونڈ نے ایک کاشتکار اور ایک بزرگ کی جان لے لی تھی۔ ایک ماہ کے اندر یہ تیسرا معاملہ درج کیا گیا ہے۔