کشی نگر ضلع میں تمکہی راج اسمبلی حلقے سے ایم ایل اے اجے کمار للو نے پیر کو کہا کہ ریاستی حکومت چاہے جتنی بار انہیں گرفتار کر الے لیکن مفاد عامہ کے مسائل کو لے کر ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی آواز دبا کر اپنی بدعنوانی کو چھپانا چاہتی ہے۔ کانگریس ایسا نہیں ہونے دے گی۔ ریاست کے مزدوروں، غریبوں اور تاجروں کے حق کی لڑائی کانگریس لڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ذاتی مفاد کے لئے کام کررہی ہے۔ اس بحران کے دوران حکومت ضرورت مندوں تک مدد پہنچانے کے بجائے اپنی تشہیر میں محو ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ریاستی مزدوروں کے مفاد کی بات کرنے والی کانگریس پارٹی کی آواز کو دبانے کی کوشش ہورہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت کے گھمنڈ کا ہی نتیجہ ہے کہ مفاد عامہ کے مسائل پر سڑک سے ایوان تک جدوجہد کرنے والے لوگوں کو جیل بھیجا جارہا ہے۔
للو نے کارکنوں سے حکومت کے خلاف فیصلہ کن جنگ کے لئے تیار رہنے کی اپیل کی۔ اس سے قبل سیورہی نگر پنچایت پہنچنے پر کانگریسی لیڈرکا پارٹی کارکنوں نے زبردست استقبال کیا۔