ریاست اتر پردیش کے شہر نوئیڈا سیکٹر 105 میں واقع مہا نگر یوتھ بریگیڈ کے دفترپہنچ کر سماج وادی پارٹی یوتھ بریگیڈ کے ریاستی سکریٹری اور انچارج جتیندر یادو نے تنظیم کا جائزہ لیا۔
نوئیڈا پہنچنے پر جتیندر یادو کا یوتھ بریگیڈ کے مہانگر صدر کنور نادر شاہ کی قیادت میں کارکنوں نے پھولوں کے ہار کے ساتھ شاندار استقبال کیا۔
یوتھ بریگیڈ انچارج نے تنظیم کا جائزہ لیا اور نئے مقرر کردہ مہا نگر صدر کنور نادر شاہ کو ہدایت کی کہ وہ پرجوش کارکنوں کو شامل کرکے جلد ہی ایک ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دیں۔
اس موقع پر انچارج جتیندر یادو نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں حکومت سازی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہوگا۔ ریاست بھر کے نوجوان امید کے ساتھ اکھلیش یادو کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ بی جے پی حکومت میں نوجوان بے روزگار ہیں اور ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
اس موقع پر سابق ضلعی ترجمان راگھویندر دوبے نے کہا کہ نوجوان پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اس لیے مجھے امید ہے کہ یوتھ بریگیڈ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو پارٹی سے جوڑنے کے لیے کام کرے گی۔
مزید پڑھیں:اترپردیش میں بی جے پی نہیں سماجوادی پارٹی دوبارہ اقتدار میں آئے گی'
انہوں نے کہا کہ موجودہ بی جے پی حکومت میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بے روزگاری کا سامنا ہے۔ پوری ریاست میں ترقی رک گئی ہے۔ اور مجرموں کا غلبہ ہے۔ ریاست کی ترقی اکھلیش یادو کی قیادت میں ہی ممکن ہے۔
اس موقع پر ایس پی کے سینئر لیڈر جگت چودھری،ضلعی صدر یوتھ بریگیڈ شیلندر بھاٹی، محمد تسلیم، ندیم احمد، چنٹو تیاگی، محمد نوشاد، راہول اوانا ، ببلو چوہان ، ارجن پرجاپتی ، للتی یادو ، ساحل خان ، عبدالعمران ، عمران چوہدری ایڈوکیٹ کے علاوہ تمام یوتھ بریگیڈ ورکرز اور سینئر رہنما موجود تھے۔