ریاست اترپردیش کے شہر نوئیڈا کے سیکٹر-39 کوتوالی پولیس نے آج ٹھک ٹھک گینگ کے چار بدمعاشوں کو گرفتار کیا، جو پچھلے دو ماہ سے نوئیڈا پولیس کے لیے درد سر بنے ہوئے تھے۔ پولیس کا دعوی ہے کہ گینگ نے چار سو سے زائد وارداتوں کو انجام دیا ہے۔ بدمعاشوں کی شناخت سنجے عرف مائیکل، امیت کمار، وکرم اور وگنیش مدن گری کے طور پر کی گئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 27 چوری کے لیپ ٹاپ، غلیل، اسمارٹ واچ، واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔
بڑی بات یہ ہے کہ ان میں سے ایک شاطر چور نے پولیس اور میڈیا کے سامنے ڈیمو کر کے دکھایا کہ کیسے غلیل کے ذریعے چھرے مار کر گاڑیوں کے شیشے توڑے جاتے ہیں۔ایڈیشنل ڈی سی پی شکتی موہن اوستھی نے کہا کہ یہ چنئی کا گینگ ہے جو بازاروں اور بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر کھڑی گاڑیوں کے شیشے توڑ کر لیپ ٹاپ اور دیگر اشیاء چوری کرتا ہے۔ مائیکل کی بیوی سمرن، ششی، راجیش اور وشال چوری شدہ لیپ ٹاپ دہلی کے مختلف بازاروں میں بیچتے ہیں۔ چاروں اس معاملے میں مطلوب ہیں۔
ملزم اس وقت دہلی کے اتم نگر میں کرایہ پر فلیٹ لے کر رہ رہے تھے۔ گینگ ممبر راہل کے خلاف دہلی پولیس نے مکوکا ایکٹ کے تحت کارروائی کی ہے۔ بدمعاش دو اسکوٹیوں پر نکلتے تھے۔ پہلے اسکوٹی پر بیٹھے بدمعاش ریکی کرتے تھے۔ منالی، پنجاب اور چنئی میں بھی شرپسندوں نے وارداتیں کی ہیں۔چاروں کے خلاف 100 سے زائد مقدمات درج ہیں۔
اے ڈی سی پی شکتی اوستھی کے مطابق ملزمان کھڑی گاڑیوں کے شیشے توڑ کر ان میں رکھا قیمتی سامان چوری کر لیتے تھے۔ چوری کی واردات کو انجام دیتے ہوئے وہ اپنے ساتھ غلیل بھی رکھتے تھے۔ ملزم غلیل کا استعمال کرتے تھے۔ آس پاس کے لوگوں کو اس کی بھنک نہیں لگتی تھی۔
شکتی اوستھی نے بتایا کہ گینگ کا سرغنہ مائیکل اور اس کی بیوی سمرن ہیں۔ سمرن فرار ہے۔ مائیکل کے خلاف مختلف تھانوں میں 48 مقدمات درج ہیں۔ سمرن اور گینگ کے دیگر ارکان کو پکڑنے کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ جلد ہی انہیں بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:Noida Police on Fraud Gang: نوئیڈا میں ڈیبٹ کارڈ اسکیننگ فراڈ گینگ کا پردہ فاش