ضلع مظفرنگر میں ہر سال محرم کے موقع پر تمام امام باڑوں میں مجالس کا بڑے پیمانہ پر انعقاد عمل میں لایا جاتا تھا تاہم اس سال کورونا وبا کی وجہ سے بڑے پیمانے پر مجالس کا انعقاد نہیں کیا جارہا ہے بلکہ گھروں میں بھی مجالس و نوحہ خوانی کی محافلیں منعقد کی جارہی ہیں۔
مظفرنگر انتظامیہ کی جانب سے مجالس میں صرف پانچ لوگوں کی اجازت دی گئی ہے اور پانچ سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی عائد ہے جس کے بعد محرم کی مجالس کا سادگی سے گھروں میں ہی اہتمام کیا جارہا ہے۔
مجالس کے دوران انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے ماسک کا بھی استعمال کیا جارہا ہے۔
اس سلسلہ میں کربلا کمیٹی کے صدر حسن مہندی نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مجالس میں پانچ سے زیادہ لوگوں شرکت کی اجازت دی جائے جیسا کہ شادی و انتقال کے مواقعوں پر 40 تا 50 لوگوں کو اجازت دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیونکہ امام باڑے کافی بڑے ہوتے ہیں تو ایسے مقامات پر سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے مجالس کا اہتمام کیا جاسکتا ہے۔