ریاست اُترپردیش کے ضلع مظفر نگر کے نیو منڈی کوتوالی کے علاقے پٹیل نگر میں ریٹائرڈ ایس ڈی او اور ان کی اہلیہ کو یرغمال بناکر بدمعاشوں نے لاکھوں کی لوٹ کی واردات کو انجام دیا ہے۔
ڈکیتی کی واردات کی خبر پولیس محکمے کو جیسے پہنچی، آناً فاناً میں پولیس انتظامیہ کے اعلی افسران موقع پر پہنچ گئے اور معاملے کی باریکی سے جانچ شروع کردی۔
دراصل یہ واقعہ مظفر نگر کے نیو منڈی کوتوالی کے علاقے میں پٹیل نگر کا ہے جہاں ریٹائرڈ ایس ڈی او منگل کی شام گھر سے باہر گئے تھے اور جب گھر آئے تو اس دوران پانچ سے چھ بدمعاش گھر میں داخل ہوئے اور انہیں اور ان کی اہلیہ کو یرغمال بناکر گھر میں لوٹ مار شروع کردی۔
شرپسندوں نے گھر میں لاکھوں روپے مالیت کے زیورات، ہیرے کے زیورات اور نقدی لوٹ لی اور دونوں کو یرغمال بناکر گھر کے باتھ روم میں بند کردیا اور وہاں سے فرار ہوگئے۔
کسی نہ کسی طرح اس جوڑے نے بندھی رسیوں کو توڑ دیا اور لوگوں کو اس واقعے سے آگاہ کیا۔
جب پولیس کو اس واقعے کا پتہ چلا تو پولیس محکمے میں کھلبلی مچ گئی اور مظفر نگر کے ایس ایس پی ابھیشیک یادو اور ایس پی سٹی ارپیت وجے ورگیہ پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے۔
پولیس نے جوڑے سے بات کی، بات چیت میں انہوں نے بتایا کہ شرپسند اسلحہ لے کر گھر میں داخل ہوئے تھے، انہوں نے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور نقدی لوٹ لی اور فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی ابھیشیک یادو کا کہنا ہے کہ شرپسندوں نے جوڑے کو یرغمال بنا کر لوٹ کی واردات کو انجام دیا تاہم قریبی مکانات پر لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج کی جانچ کی جارہی ہے۔
وہیں بدمعاشوں کو پکڑنے کے لیے ڈاگ سکواڈ بھی لگایا گیا ہے، پولیس دیر رات تک تفتیش اور پوچھ گچھ کرتی رہی۔