ریاست اترپردیش کے شہر رامپور کے ممتاز پارک کا نام تبدیل کرکے ضلع انتظامیہ نے اب اس پارک کا نام مولانا ابوالکلام آزاد کردیا ہے۔
رامپور کے رکن پارلیمنٹ اعظم خان نے سابق ایس پی حکومت کے دوران ضلع میں ممتاز پارک کو تعمیر کرایا تھا، اور اس پارک کا نام ممتاز پارک اپنے والد ممتاز خان کے نام پر رکھا تھا۔
لاکھوں روپے کی لاگت ست تعمیر شدہ خوبصورت پارک کو کئی سالوں سے بند تھا، جس کے بعد اعظم خان کے مخالفین اور بی جے پی رہنما آکاش سکسینا نے ضلع کلکٹر کو تحریری شکایت کی اور پارک کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
شکایت میں کہا گیا تھا کہ سرکاری رقم سے بنایا ہوا پارک عام آدمی کے نام پر نہیں ہوسکتا ہے، جس کے بعد ضلع انتظامیہ نے ممتاز پارک کا نام تبدیل کرکے مولانا ابوالکلام آزاد پارک کردیا ہے۔
ضلع مجسٹریٹ انجنے کمار کے مطابق ممتاز پارک کا نام بہت پہلے تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا، تفتیش کے بعد پتہ چلا کہ یہ پارک سرکاری رقم سے بنایا گیا تھا لیکن یہ بند تھا۔
بہت سارے لوگوں نے اس پارک کا نام رکھنے کے لیے مختلف ناموں کی تجاویز پیش کیں، جس میں ایسے نام تھے جنھوں نے رام پور کو کچھ حصہ دیا ہے، اسی بنا پر اس پارک کا نام مولانا ابو الکلام آزاد کے نام پر رکھا گیا جو رام پور کے پہلے رکن اسمبلی تھے۔