اس ماہ کے کسی بھی دن 'بابری مسجد۔رام جنم بھومی' حق ملکیت کیس کے سپریم کورٹ کے متوقع فیصلہ پر امن و امان برقرار رکھنے کے لئے رامپور میں واقع ریزرو پولیس لائن میں ایس پی اور ضلع کے دیگر افسران نے ہندو برادری کے ذمہ داران کے ساتھ میٹنگ کرکے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے صلاح و مشورے کئے۔
اس سے پہلے اسی قسم کی ایک میٹنگ مسلم نمائندوں کے ساتھ بھی منعقد کی گئی تھی۔
بابری مسجد۔ رام جنم بھومی حق ملکیت پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے سے قبل آج رامپور میں پولیس انتظامیہ نے ہندو فرقہ کے ذمہ داران کے ساتھ ایک نشست کا اہتمام کیا۔ جس میں متوقع فیصلہ کو لیکر امن اور بھائی چارے کی فضاء کو برقرار رکھنے کی اپیل کی گئی۔
اس دوران ایس پی رامپور ڈاکٹر اجئے پال شرما نے کہا کہ ہماری مذہبی کتابوں میں صرف انسان ہی نہیں جانوروں اور پیڑ پودوں تک کو نقصان پہچانے کو منا کیا گیا ہے۔ اس لئے ہم ہندو مسلمان تو ویسے بھی انسانی بھائی ہیں۔ لہذا ہمیں کوشش کرنی ہے کہ ہمارے ارد گرد کوئی بھی شخص ماحول کو بگاڑنے کی کوشش نہ کرے۔
میٹنگ میں شامل مختلف مندروں سے آئے سادھو سنتوں اور پربندھک کمیٹیوں کے سربران نے بھی اپنے خطاب میں اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کی پوری کوشش کریں گے۔ مندر۔ مسجد کے حق میں فیصلہ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آخری فیصلہ ہوگا اور وہ جو بھی آئے ہم اس کو قبول کرنے کے لئے تیار ہیں۔
سپریم کورٹ کے متوقع فیصلہ کو لیکر ملک بھر میں امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لئے حکومت سے لیکر ضلع انتظامیہ کی سطح تک مخلتف قسم کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
رامپور کے پولیس لائن میں منعقدہ آج کی یہ میٹنگ بھی انہیں کوششوں کی ایک کڑی کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔
ہندو فرقہ کے ذمہ داران کی میٹنگ سے پہلے کل ایک میٹنگ مسلم فرقہ کے ذمہ داران اور علماء کرام کے ساتھ بھی ہو چکی ہے۔ آج یہ دوسری میٹنگ ہے۔
پولیس انتظامیہ بتایا کہ اب جلد ہی ایک مشترکہ میٹنگ دونوں مزہب کے لوگوں کے ساتھ کی جائے گی۔