میرٹھ میں منعقدہ ہندو پنچایت کے منچ سے مسلمانوں کے خلاف متنازع بیان دینے والے ہندو مذہبی رہنما مہا منڈلشور آنند سروپ گری مہاراج کو مسلم دانشوروں کے علاوہ ہندو مہاسبھا کے عہدیدار نے بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور مذہبی منافرت پھیلانے والے اس بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔
گزشتہ روز میرٹھ میں منعقد ہندو پنچایت کے اسٹیج سے آنند سروپ مہاراج نے مسلمانوں کے سماجی سیاسی اور اقتصادی بائیکاٹ کی ہندوؤں سے اپیل کی تھی ۔ ساتھ ہی مسلمانوں کی مذہب تبدیلی کے لیے خاص ایجنڈے کے تحت کام کرنے پر زور دیا تھا۔
ان کے اس متنازع بیان کی ہندو مہا سبھا کے قومی صدر اور مسلم دانشور نے شدید مذمت کی ہے ۔ دانشوروں نے کہا کہ سماج کے بااثر طبقے کو آگے آکر اس طرح کے بیان کے مذمت کرنی چاہیے تاکہ ملک میں امن و امان اور یکجہتی کا ماحول برقرار رہے۔