ریاست اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں اسمبلی انتخابات 2022 کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتیں سرگرم نظر آرہی ہیں۔ وہیں کانگریس نے بھی اپنی سیاسی مہم کا اعلان کردیا ہے۔
کانگریس 29 سمتبر کو میرٹھ میں پرینکا گاندھی کی ریلی کے ساتھ اترپردیش الیکشن 2022 مہم کا آغاز کرنے جارہی ہے۔ میرٹھ میں پرینکا گاندھی کی ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے ضلع کانگریس کمیٹی نے اس کی تیاریاں شروع کردی ہے۔ وہی کانگریس کمیٹی کے ذمہ داران اور لیڈروں کا الزام ہے کہ میرٹھ ضلع انتظامیہ کے افسران ریاستی حکومت کے اشارے پر اس ریلی کو ناکام بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
کانگریس لیڈروں کا الزام ہے کہ ضلع انتظامیہ ریلی کی اجازت دینے کے علاوہ جگہ دینے میں بھی ٹال مٹول کررہی ہے۔
مہانگر کانگریس کمیٹی کے صدر زاہد انصاری نے کہا کہ میرٹھ کی انقلابی زمین سے پرینکا گاندھی انتخابی منشور کا اعلان کریگی۔وہیں ضلع انتظامیہ کے دفتر کے دو سے تین بار چکر لگانے کے باوجود ضلع انتظامیہ کے افسران ریلی کی اجازت دینے اور جگہ دینے میں ٹال مٹول کررہے ہیں۔