ریاست اترپردیش میں واقع علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بزنس ایڈمنسٹریشن شعبہ کے دو سالہ ایم بی اے ہاسپیٹل ایڈمنسٹریشن کورس کو شروع کیا گیا ہے، جس میں 21 طلباء وطالبات کا داخلہ ہوا ہے۔
اس سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ 'طبی نظم و نسق ایک ابھرتا ہوا کیریئر ہے اور اس یونیورسٹی میں انٹر ڈسپلنری مطالعات کا خوشگوار ماحول پایا جاتا ہے'۔
انہوں نے کہا 'اے ایم یو میں میڈیسن اور مینیجمنٹ کی فیکلٹیاں ہیں اور جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کو ایم بی اے (ہوسپٹل ایڈمنسٹریشن) کے طلبہ و طالبات کے لیے بطور ٹریننگ سنٹر استعمال کیا جا سکتا ہے'۔
بزنس ایڈمنسٹریشن شعبہ کے چیئرمین پروفیسر پرویز طالب نے کہا کہ ایم بی اے ہاسپیٹل ایڈمنسٹریشن کا کورس مینجمنٹ اور میڈیسن کی فیکلٹی کے درمیان ایک پل کی طرح ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بزنس ایڈمنسٹریشن شعبہ طلباء وطالبات کی ٹریننگ اور انٹرن شپ کے لیے صنعتی اداروں کے ساتھ اشتراک کر رہا ہے۔
فیکلٹی آف مینجمنٹ کے ڈین پروفیسر ولید اے انصاری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جب کے پروفیسر سلمیٰ احمد نے مہمان خصوصی اور مہمان اعزازی کا سپاس نامہ پڑھ کر سنایا۔ ڈاکٹر لامے بن صابر اور ڈاکٹر زرین حسین فاروق پروگرام کوآرڈینیٹر تھے۔