بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے اترپردیش کی سات سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخابات میں پارٹی کی مایوس کن کارکردگی کے بعد منقاد علی کو اترپردیش کے صدر کے عہدہ سے ہٹا دیا ہے۔
بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے بھیم راج بھر کو اترپردیش کا نیا صدر مقرر کیا ہے۔ مایاوتی نے ٹوئٹ کرکے یہ اطلاع دی۔
بی ایس پی نے ضمنی انتخابات میں ملی شکست کے بعد یہ بڑا فیصلہ کیا۔ بھیم راج بھر مئو کے ہیں۔ منقاد علی کو اتراکھنڈ کا اسٹیٹ کوآر ڈی نیٹر بنایا گیا ہے۔
مایاوتی نے ٹوئٹ کیا کہ یو پی میں نہایت پسماندہ طبقہ (او بی سی) میں راج بھر سماج کے پارٹی اور موومنٹ سے منسلک پرانے، محنتی اور نظم و ضبط والے سپاہی بھیم راج بھر، باشندہ ضلع مئو (اعظم گڑھ ڈویژن) کو بی ایس پی اترپردیش اسٹیٹ یونٹ کا نیا صدر مقر ر کیا گیا ہے۔ ان کو بہت بہت مبارکباد۔