اترپردیش اسمبلی کے بجٹ سیشن سے عین ایک دن قبل بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سپریمو مایاوتی نے یوگی حکومت کو نظم و نسق اور کسانوں کے مسائل پر گھیرنے کے اشارے دئے ہیں۔
مایاوتی نے بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا ’یو پی میں اسمبلی اور پنچایت انتخاب سے پہلے لیڈروں، وکیلوں اور تاجروں وغیرہ کے قتل کا سلسلہ شروع ہوجانا باعث تشویش ہے۔ ان واردات کو سنجیدگی سے نہ لے کر انہیں پرانی رنجش وغیرہ بتا کر ملزمین کے خلاف سخت کارروائی نہیں کرنا کافی تکلیف دہ و قابل مذمت ہے۔ حکومت اس پر دھیان دے۔'
انہوں نے پارٹی کے اراکین اسمبلی کو ہدایت دیتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’’کل سے شروع ہورہے اترپردیش اسمبلی کے اجلاس میں کسان و مفاد عامہ کے اہم مسائل کے ساتھ ساتھ جرائم پر کنٹرول و نظم ونسق کے معاملے میں حکومت کی سخت لاپروائی اور حکومت کو عوام کے تئیں جوابدہ بنانے کی کوشش پر بحث و مباحثہ کریں۔''
ادھر پارٹی ذرائع نے بتایا کہ مایاوتی نے آج پارٹی قانون ساز اسمبلی کے اراکین کی میٹنگ طلب کی ہے جس میں پارٹی کے غیر مطمئن لیڈروں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ میٹنگ میں جمعرات سے شروع ہورہے اجلاس کے بارے میں پارٹی کی حکمت عملی پر غور و خوض کیا جائے گا۔