لکھنؤ: امام باڑہ غفران مآب میں محرم الحرام کی نویں مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید کلب جوادنقوی نے کہاکہ قرآن مجید میں اللہ نے اعلان کیاہے کہ ہم سب کو آزمائش میں مبتلا کریں گے ۔گذشتہ امتوں کا بھی امتحان ہواہے اور قیامت تک آنے والی ہر نسل کا امتحان ہوگا ۔امتحان میں کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ گذشتہ امتوں کی تاریخ کا مطالعہ کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید نے عبرت کے لئے سابقہ امتوں کے واقعات بیان کئے ہیں مگر افسوس ہم ان واقعات سے درس عبرت نہیں لیتے۔
مولانا نے دوران تقریر کہاکہ دین کی حفاظت کے لئے معصوم کا ہونا ضروری ہے۔ اللہ نے ابتدائے کائنات سے تاقیام قیامت دین کی حفاظت کے لئے معصوم اور مقدس ذوات کو رکھا ہے۔ آج بھی پردۂ غیب میں شیعہ مسلمانوں کے آخری امام موجود ہے جو کائنات کی بقا اور ہدایت کے ضامن ہیں۔ مجلس کے آخرمیں مولانا نے کربلا کے شہیدوں کی تشنگی کا واقعہ بیان کیا۔ خاص طور پر امام حسینؑ کے فرزند حضرت علی اصغر کی شہادت کا واقعہ بیان کیا، جن کی عمر چھ ماہ تھی۔ مولانا نے کہاکہ امام حسینؑ کی حقانیت کے اثبات کے لیے 6 ماہ مجاہد حضرت علی اصغرؑ کی قربانی کافی ہے ،اس لئے آپ کی شہادت کو زیادہ سے زیادہ بیان کیاجانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: Bharat Jodo Yatra 2.0 کانگریس راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا پارت ٹو کا منصوبہ بنا رہی ہے
مجلس کے بعد انجمن ہای ماتمی نے نوحہ خوانی و سینہ زنی کے فرائض انجام دیئے ۔نوجوانوں نے زنجیر زنی اور قمہ زنی کرکے شہیدان کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔