جامع مسجد رامپور کی مجلس شوریٰ کے رکن مولانا انصار احمد قاسمی نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت میں مسلمانان ہند سے عید الفطر کا اہتمام سادگی سے کرنے کی اپیل کی ہے۔ عید الفطر کی آمد عنقریب ہے۔
ماہ رمضان المبارک کی تمام رونقیں ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے جاری لاک ڈاؤن کی نذر ہو گئی ہیں۔ جب رمضان المبارک کی وہ بہاریں بے مزہ ہوگئیں تو پھر ایسے میں عید کی خوشیاں ہی کیسی۔ یہی وجہ ہے کہ ملک بھر میں علماء کرام اور ذمہ داران ملت مسلمانان ہند سے اپیل کرکے عید الفطر کا اہتمام سادگی سے کرنے کو کہہ رہے ہیں۔
جامع مسجد رامپور کی مجلس شوریٰ کے رکن اور معروف عالم دین مولانا انصار احمد قاسمی نے ای ٹی وی بھارت پر نشر اپنے پیغام میں مسلمانوں سے عید الفطر کا اہتمام صادگی سے کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ آپ عید کی خریداری بالکل نہ کریں۔ کسی بھی طرح کے نئے کپڑے، نئے جوتے، چپل نہ خریدے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جو رقم آپ کو اپنے اوپر اور اپنے اہل و عیال پر خرچ کرنا تھا اس کو اپنے غریب اور ضرورت مندوں پر خرچ کریں یا کسی بیمار کے علاج پر خرچ کریں، ورنہ آپ اپنے پیسہ کو محفوظ رکھئیے کیونکہ نہ جانے آنے والے حالات کاروبار کے لحاظ سے کیسے ہوں گے اور آپ کو کب کیا ضرورت پڑ جائے۔
مولانا انصار احمد نے کہا کہ عید الفطر کی خریداری کو اس لئے بھی منع کیا گیا ہے کہ اگر بازار کھلتے بھی ہیں تب بھی مسلمانان ہند سے اپیل ہے کہ وہ بازاروں کا حصہ نہ بنیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ اس سے سوشل ڈسٹینس جو قائم کیا گیا ہے وہ متاثر ہوگا اور اگر یہ متاثر ہوگا تو وہ جو چند میڈیا چینل جن کے ذہن خراب ہیں اور ملک میں نفرت پروس رہے ہیں، پھر وہ اس کو کمیونل رنگ دیں گے جس سے ملک کا بہت بڑا نقصان ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عام بھولے بھالے عوام اس سے متاثر ہوتے ہیں اور پھر اس خطرناک نتائج ملک کے سامنے لنچنگ کی شکل میں ظاہر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسی لئے جامع مسجد رامپور کی مجلس شورہ کے اراکین نے یہ فیصلہ کیا کہ اس مرتبہ عید صادگی سے منائیں۔ کوئی نئی خریداری نہ کریں اور سوشل ڈسٹینسنگ کا پورا خیال رکھیں۔