لکھنؤ: اتر پردیش میں مدارس کو جدید تعلیمی نظام سے جوڑنے کے لیے وسائل کی دستیابی کے لئے تمام اضلاع میں جاری جانچ کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ تحقیقات کے دوران تقریباً 7500 غیر تسلیم شدہ مدارس کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔Madrasas Survey
مدرسہ ایجوکیشن کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر افتخار احمد جاوید نے جمعہ کو کہا کہ پورے صوبہ میں سروے کے دوران تقریباً 7500 غیر تسلیم شدہ مدارس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 نومبر تک سروے کی مکمل رپورٹ ضلع مجسٹریٹ کے ذریعے تمام اضلاع سے سرکاری سطح پر آجائے گی۔ ڈاکٹر جاوید نے کہا کہ سروے سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کی بنیاد پر بچوں کے لیے معیاری تعلیم کا بندوبست کرتے ہوئے ان کی بہتر نشوونما کر کے انہیں ملک اور معاشرے کے مرکزی دھارے میں لانے کی کوشش کی جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش میں غیر تسلیم شدہ مدارس کے سروے کا کام کیا جا رہا ہے۔ آج سروے کی آخری تاریخ تھی، اس کے بعد ضلع مجسٹریٹ کے ذریعہ 15 نومبر تک رپورٹ حکومت کو بھیجی جانی ہے۔
ڈاکٹر جاوید نے واضح کیا کہ غیر تسلیم شدہ مدارس کے سروے سے ان کی قانونی حیثیت یا غیر قانونی ہونے کے حقائق سامنے نہیں آئیں گے۔ یہ سروے اصلی یا نقلی مدارس کی شناخت کے لیے کیا گیا ہے، لیکن تعلیمی معیار اور تعلیمی مراکزکے طورپر ان کی تعداد، ان کے انتظامات وغیرہ کے بارے میں درست معلومات حاصل کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس کا کسی بھی طرح سے، کسی بھی قسم کی جانچ سے دوردورتک کوئی تعلق نہیں ہے۔
یو این آئی